Thursday, April 18, 2024

پاکستان نے انڈیا کو دہشت گرد کلبھوشن تک رسائی دینے سے انکار کر دیا

پاکستان نے انڈیا کو دہشت گرد کلبھوشن تک رسائی دینے سے انکار کر دیا
April 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نئی دہلی میں پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات، پاکستان نے ”را“ کی مداخلت اور بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کا معاملہ اٹھا دیا۔ اعزاز چوہدری کا پاک بھارت مذاکرات کی جلد بحالی پر زور، پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن یادیو تک رسائی دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کی سائیڈ لائن پر پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے ملاقات میں بڑا واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ”را“ کی مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ثبوت موجود ہیں، بھارت کراچی اور بلوچستان میں پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اعزاز چوہدری نے ملاقات میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کی گرفتاری پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہونا ممکن نہیں۔ انہوں پاک بھارت مذاکرات کی جلد بحالی پر زور دیا۔ ادھر بھارتی وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کلبوشن یادیو کو گرفتار کرکے بھارت لے جایا گیا، پاکستان سے کلبھوشن یادیو تک رسائی مانگی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع نے بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کلبھوش یادیو تک رسائی دینے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو کلبھوشن یادیو تک رسائی نہیں دی جاسکتی۔ کلبھوشن یادیو تک رسائی کیلئے بھارت کو تحریری درخواست دینی چاہئے، یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اس کے تناظر میں رسائی نہیں دی جاسکتی۔ کلبھوشن یادیو سے تفتیش کا عمل جاری ہے‘ ابھی رسائی دینا ممکن نہیں۔