Friday, May 3, 2024

پاکستان نے امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی

پاکستان نے امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی
May 11, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) پاکستان نے بھی امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،، پاکستان نے یہ اقدام امریکی انتظامیہ کے فیصلے کے بعد کیا ۔ وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں کی طرح پاکستان میں امریکی سفارتکاروں پر پابندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ۔ وزارت خارجہ نے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے 27 اپریل کو امریکی سفارتخانہ کو آگاہ کیا تھا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے امریکی سفارت خانے کو گزشتہ روز 10 مئی کو خط بھی ارسال کیا گیا۔ خط میں کہا گیا امریکی سفارتکاروں کو اپنے سامان کی ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں پر قوانین کی مکمل پاسداری کرنا ہو گی، امریکی سفارتکاروں کے سامان کی مکمل تلاشی اور اسکیننگ ہوگی۔ پاکستان نے امریکی سفارتکاروں کو دی گئی اضافی سہولیات بھی واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ خط میں کہا گیا کہ ویزہ مدت کے خاتمے اور ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والا سفارتکار پاکستان میں قیام نہیں کر سکے گا جبکہ امریکی سفارتخانہ تمام پابندیوں پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہو گا۔ خط میں یہ بات بھی واضح کر دی گئی کہ پابندیوں کا معیار امریکی پابندیوں جیسا ہو گا ۔ وزارت خارجہ کے کے مطابق امریکی سفارتکار اپنی رہائش یا دفاتر بغیر پیشگی اجازت تبدیل نہیں کر سکتے، امریکی سفارتکار بغیر اجازت ریڈیو کمیونیکیشن آلات نصب، سیف ہاؤسز بھی نہیں بنا سکیں گے، جبکہ امریکی سفارکاروں کے لیے ایک سے زیادہ پاسپورٹس یا ویزا پر بھی اجازت نامہ ناگزیر ہو گا۔ خط کے مطابق عدم اعتراض کی سند کے بغیر امریکی سفارتکار نقل و حرکت نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان نے سفارتی مسائل کے حل کیلئے فاسٹ ٹریک نظام بھی تجویز کیا۔ خط میں کہا گیا کہ پاکستان نے معاملہ حال کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن پاکستان کی مخلص کاوشوں کا امریکہ نے مثبت جواب نہیں دیا۔