Friday, May 3, 2024

پاکستان نے امریکی دفترخارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا

پاکستان نے امریکی دفترخارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا
March 24, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے امریکی دفترخارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا۔ ترجمان دفترخارجہ کہتےہیں۔ نام نہاد رپورٹ حقائق کے برعکس ہے۔ رپورٹ میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا کوئی ذکر نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتا۔ نام نہاد رپورٹ حقائق کے برعکس ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ یوم پاکستان پر وزیراعظم مودی کا تہنیتی پیغام رسمی تھا۔ پاک بھارت مذاکرات کی بحالی کا کہیں سے کوئی اشارہ نہیں ملتا۔ سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ کے گواہوں کو بھارت بلانے کے حوالے سے بھارتی حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سوڈان میں مغوی پاکستانی انجینئر ایاز جمالی کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ماسکو میں افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا۔ حسین حقانی کی طرف سے ویزوں سے اجرا سے سوال پر ترجمان کا کہناتھا کہ جواب کے لئے وزارت داخلہ یا وزیر اعظم ہاوس سے رابطہ کیا جائے۔