Thursday, March 28, 2024

پاکستان نے امریکہ کیساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کردیا

پاکستان نے امریکہ کیساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کردیا
January 9, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کردیا ہے ۔ وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے بھی تصدیق کر دی ۔وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا کہ سانحہ سلالہ کے بعد زمینی راہداری بند کرنے کی مثال موجود ہے ۔ امریکا کو تاحال فضائی اور زمینی راہداری سہولیات دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خرم دستگیر کاکہنا تھا کہ امریکہ نے تمام پردے چاک کردیئے ۔ امریکی فوجی امداد کی معطلی بے وقعت ہے ۔ تینوں مسلح افواج نے اپنی بیشتر ضروریات پوری کرنے کےلئے مقامی سطح پر صلاحیت حاصل کرلی ہے۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس اور دفاعی تعاون معطل کردیا ۔ خرم دستگیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر دباﺅ ڈالتا رہا کہ بھارت خطرہ نہیں ۔ پاکستان اپنے تذویراتی تخمینوں کا ا ز سر نو جائزہ لے جو کہ کسی صورت ممکن نہیں ہے۔

وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع انتہائی مستحکم اور مضبوط ہے ۔ اب لیفٹیننٹ معید شہید جیسے مزید جوان شہید ہونے کیلئے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں وقت لگے گا۔ پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتے ہیں۔