Tuesday, April 23, 2024

پاکستان نے امریکا کی نئی سکیورٹی پالیسی مسترد کر دی

پاکستان نے امریکا کی نئی سکیورٹی پالیسی مسترد کر دی
December 20, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے امریکا کی نئی سکیورٹی پالیسی کو مسترد کر دیا۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان زمینی حقائق کے بر عکس ہے۔ پاکستان خود ہمسایہ ممالک کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ پراکسی کے ذریعے پڑوسی ملک پاکستان مخالف عناصر کو دہشت گردی کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افراد، تنظیمیں اور انٹیلی جنس ایجنسیاں پاکستان مخالف پراکسیز میں شامل ہیں جب کہ کچھ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سر گرم عمل ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں پر مظالم اور سیز فائر لائن پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔ امریکی افواج کی موجودگی کے باوجود افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔