Sunday, April 28, 2024

پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارت کی ہرزہ سرائی کو مسترد کر دیا

پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارت کی ہرزہ سرائی کو مسترد کر دیا
June 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کی ہرزہ سرائی کو مسترد کر دیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو این کی رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کا ذکر نہیں، بھارت نے رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، ایسا عمل افغان امن عمل کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے افغانستان میں مانیٹرنگ ٹیم کی 11 ویں رپورٹ میں امن و استحکام اور دیگر عوامل کا ذکر کیا، اس رپورٹ میں پاکستان میں مبینہ پناہ گاہوں کا کسی قسم کا کوئی ذکر نہیں، بریفنگ ایسے عناصر نے دی جو افغان امن عمل میں ہمیشہ شکوک و شبہات کا شکار رہتے ہیں، افغان امن عمل پر عالمی برادری نے شکوک و شبہات کا اظہار نہیں کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پیش اور پاکستان پر الزامات عائد کیے، پاکستان افغان امن عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے متعلق پہلے ہی خبردار کر چکا ہے،  پاکستان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کا متواتر ذکر کرتا رہا ہے،  افغانستان سے بھارت نواز دہشت گرد تنظیموں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کی بھی نشاندہی کر چکے، اقوام متحدہ رپورٹ سے افغانستان میں بھارت کی کالعدم تحریک طالبان کی حمایت ثابت ہو گئی۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی بھارتی حمایت پاکستان سمیت خطے کے دوسرے ممالک کے لئے بھی خطرہ ہے، انہوں نے بھارتی دہشتگرد عناصر، سہولت کاروں کو سلامتی کونسل کی دہشتگردوں کی فہرست میں شمولیت کا مطالبہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا اقوام متحدہ کی رپورٹ میں عالمی دہشتگردوں کے بھارت سے افغانستان سفر کرنے کا ذکر کیا گیا، بھارتی دہشتگرد داعش خراسان میں شمولیت کیلئے افغانستان کا سفر کر رہے ہیں، بھارت دہشتگردی کو پاکستان کے خلاف ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ طویل عرصہ سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، راشٹریہ سوک سَنگھ نظریات کی حامل مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔