Tuesday, April 23, 2024

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا پردہ چاک کردیا

پاکستان نے اقوام متحدہ میں  بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا پردہ چاک کردیا
July 8, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) بھارت کی دہشتگردوں کی پشت پناہی، جنوبی ایشیا خطرے میں  ہے ، پاکستان نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کامعاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنی دھواں دھار تقریرسے سفارتی سطح پر بھارت کوشکست دے دی۔

انسداد دہشتگردی کے موضوع پر پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنی تقریرمیں رکن ممالک کے سامنے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا پول کھول دیا،منیر اکرم نے کہا کہ بھارتی ایماء پر ریاستی دہشتگردی سے پاکستان کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، اقوام متحدہ بھارت کی پاکستان مخالف دہشتگرد کارروائیوں کا فوری نوٹس لے۔

منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی پر دہشتگرد حملے میں  بھارت ملوث تھا،کراچی میں چین کے قونصل خانے پر دہشتگرد حملہ بھی بھارت نے کروایا ۔

پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں اسلام فوبیا عروج پر ہے،رواں سال فروری میں نئی دلی کے مسلم کش فسادات اسلامو فوبیا کی واضح مثال ہیں،بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے،بی جے پی اور آر ایس ایس کی اسلام دشمن پالیسی نے کورونا کے دوران مزید تقویت پکڑی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کا غلط رنگ دینے کی سازش کر رہا ہے، بھارتی قابض فورسز کشمیریوں پر انسانی سوز مظالم ڈھا رہی ہیں، بھارتی مظالم کشمیریوں کے بلند حوصلے کو غیر متزلزل نہیں کر سکتے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر کی تقریر پر بھارت  سیخ پا ہو گیا ۔  واویلا، شور شرابا کرتا رہا ۔ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی، بھارتی مستقل مندوب سفارتی آداب کو بھلا کر پاکستان کے خلاف چلانے لگے۔