Friday, April 19, 2024

پاکستان نے افغان طالبان قیدیوں کی فہرست افغان حکومت اور طالبان کو فراہم کر دی

پاکستان نے افغان طالبان قیدیوں کی فہرست افغان حکومت اور طالبان کو فراہم کر دی
July 16, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان نے افغان مصالحتی عمل کے لئے تعاون کو بڑھاتے ہوئے قید افغان طالبان کی ایک فہرست افغانستان اور افغان طالبان کو فراہم کر دی ہے جنہیں مری امن مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں رہائی ملنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے لئے طالبان اور افغانستان کے درمیان شروع ہونے والا مصالحتی عمل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس عمل کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کے لئے پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے اس مصالحتی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے پاکستان میں قید افغان طالبان کی ایک فہرست افغانستان کے حوالے کر دی ہے، فہرست طالبان قیادت کو بھی فراہم کی گئی ہے، فہرست کے مطابق 150 قیدی پاکستان میں موجود ہیں جن میں طالبان کے اہم رہنما ملا عبدالباقی ، شمس اللہ افغان اور سلام اللہ اخوند شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو آگاہ کر دیا ہے ۔ پاکستان افغان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے تیار ہے جس پر افغانستان نے مثبت جواب دیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ مری امن مذاکرات کے دوسرے مرحلہ میں ان قیدیوں کی رہائی کا امکان ہے ،طالبان نے امن مذاکرات کے دوران ان قیدیوں کی فہرست مانگی تھی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔