Monday, May 13, 2024

پاکستان نے آخری ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے آخری ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دیدی
September 2, 2020

مانچسٹر ( 92 نیوز) پاکستانی ٹیم دورہ انگلینڈکا کامیابی کیساتھ اختتام کرنے میں سرخرو ہوگئی،محمد حفیظ اور حیدر علی کی شانداربیٹنگ کے بعد باؤلرز نے بھی کام دکھادیا۔آ خری ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 5رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ۔

پاکستانی بلے بازوں کے بعد باؤلرز نے بھی کمال کردیا،شاہین ٹی 20سیریز بچانے میں کامیاب،ایک ایک سے برابر کردی۔ انگلینڈکیلئے آخری ٹی20میں 191رنز کا ہدف پورا کرنا ناممکن بنادیا،انگلش ٹیم آخری اوورمیں8وکٹوں کے نقصان پر 185رنز بناکرہمت ہار گئی ۔

انگلینڈنے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ،فخر زمان 1رن بناکر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم نے 21رنز بنائے۔ٹی 20ڈیبیو کرنیوالے 19 سالہ حیدر علی نے تجربہ کار محمد حفیظ کیساتھ ملکرانگلش بلے بازوں کا بھرکس نکال دیا۔ حیدر علی نے54رنز بنائے،جس میں دوچھکے اور چارچوکے شامل تھے،وہ ڈیبیو میچ میں نصف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ۔

محمد حفیظ نے 52گیندوں پر 86رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،انہوں نے چارچوکے اورچھ چھکے لگاکر انگلش باؤلرز کے چھکے چھڑوادئیے ْپاکستان نے چاروکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے ۔

191رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا،جونی بیرسٹو بغیر کوئی رنز اور ڈیوڈ ملان سات رنز بناکر چلتے بنے ۔

انگلش کپتان این مورگن10  اور ٹام بینٹن  46رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،انگلینڈ کی جانب سے معین علی 61رنز بناکر نمایاں رہے ،انکی اننگز میں چار چوکے اورچارچھکے شامل تھے ۔

سیم بلنگز 26،لیوئس گریگری 12اورکرس جورڈن ایک رنز بناسکے ، آخری اوور میں انگلینڈکو جیت کیلئے 17رنز درکار تھے تاہم حارث رؤف نےشاندار باؤلنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو 185تک محدود کردیا ۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شاہین شاہ نے دو دو جبکہ حارث رؤف اورعماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،محمد حفیظ کو سیریز اور میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ۔