Sunday, May 5, 2024

پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، انسداد بے نامی بل پارلیمنٹ میں پیش

پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، انسداد بے نامی بل پارلیمنٹ میں پیش
May 12, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی۔ حکومت نے انسداد بے نامی بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا۔ جعلی اور فرضی ناموں پر جائیدادیں خریدنے والوں کو ایک سے سات سال تک کی قید کی سزائیں دی جائیں گی۔ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق پاکستان نے انسداد بے نامی بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیا۔ 92 نیوز نے انسداد بے نامی بل کا مسودہ حاصل کر لیا یے جس کے مطابق جعلی اور فرضی ناموں پر خریدی گئی جائیداد بے نامی کہلائے گی۔ وفاقی حکومت بے نامی جائیداد کو ضبط کر سکے گی۔ کمپنی کے ڈائریکٹرز، ٹرسٹیز اور پارٹنرز کے نام خریدی گئی جائیداد بے نامی نہیں ہو گی جب کہ بیوی، بچوں، بہن بھائیوں اور ظاہر اثاثوں سے خریدی گئی جائیداد بے نامی نہیں ہو گی۔ دستاویز کے مطابق بے نامیدار کو ایک سے سات سال تک کی سزا سنائی جا سکے گی جبکہ جائیداد کی مالیت کا 25 فیصد جرمانہ بھی لگایا جا سکے گا۔ جعلی کاغذات پیش کرنے والے پر چھے ماہ سے 5 سال تک کی قید کی سزا اور جائیداد کی قیمت کا دس فیصد جرمانہ لگایا جا سکے گا۔ قانون کے مطابق ڈرائیوروں اور ملازمین کے نام پر بنک اکائونٹس کھلوانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بے نامی بنک اکاونٹس میں پکڑی جانیوالی تمام رقم ضبط کر لی جائے گی۔ قانون کا اطلاق منقولہ اورغیرمنقولہ جائیداد اور کیش پر ہو گا۔