Saturday, April 20, 2024

پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا
October 8, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ، پروگرام کے حصول کےلئے باقاعدہ درخواست رواں سال کے آخر تک کی جائے گی۔ وزارت خزانہ کی ٹیم نے وزیر اعظم عمران  خان کو  بریفنگ دی  جس کے بعد وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کےپاس جانے  پر آمادگی کا اظہار کر دیا ۔ حکومت کو رواں سال کیلئے 8 سے9ارب ڈالر درکار ہیں  جس کے باعث  آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ معاملے پر  وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں وزارت خزانہ کی ٹیم نے وزیر اعظم عمران خان کو  بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کو اس سال کے دوران اپنی ضروریات پوری کرنےکیلئے 8سے9ارب ڈالر درکار ہیں.آئی ایم ایف کا پروگرام  مالی ضروریات کے علاوہ  بین الاقومی اداروں کے سامنے پاکستان کی ساکھ بھی بہتر بنائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کی تجاویز سے اتفاق کر لیا ، اس ضمن میں آئی ایم ایف حالیہ دورے کے دوران پہلے ہی آمادگی ظاہرکرچکی ہے۔ حکومت رواں سال کے آخر تک آئی ایم ایف سے پروگرام کے لئے باقاعدہ طور پر درخواست دے گی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کا پوری قوم کو ادراک ہے، معاشی بحران سے کامیابی سے نکلنا ہماری ترجیح ہے ،  مشکل سے نکلنے کے لیے ایک سے زیادہ ذرائع استعمال کریں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی کیلئے دوست ممالک سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ، اقتصادی ماہرین کے ساتھ بھی مشاورت کی ہے ،آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ، بحالی کا ایسا پروگرام چاہتے ہیں جس سے معاشی بحران پر قابو پا سکیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایسا پروگرام لانا چاہتے ہیں کہ جس کا کمزور طبقے پر کم سے کم اثر پڑے، معاشی بحالی کیلئے ہمارا ہدف صاحب استطاعت لوگ ہیں، روزگار کی فراہمی معاشی ترجیحات میں شامل ہے ، معاشی بحران پر قابوپانے کے لئے بنیادی منشور میں تبدیلی نہیں کرنا چاہتے ،معاشی بحالی آسان نہیں مشکل چیلنج ہے اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے ،ہر جانے والی حکومت نئی حکومت کے لیے معاشی بحران چھوڑ کر گئی، ہر نئی حکومت کے آنے پر معاشی بدحالی کا تسلسل توڑنا چاہتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم مستقل بنیادوں پر معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ابھی مشکلات برداشت کرلیں گے ،لیکن ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے۔