Monday, May 13, 2024

پاکستان نے ڈھائی ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیے ،ذرائع

پاکستان نے ڈھائی ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیے ،ذرائع
March 31, 2021

کراچی ( 92 نیوز) پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبرسامنے آگئی ، ذرائع کے مطابق پاکستان نے ڈھائی ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیے ۔

پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 5، 10 اور 30 سال کے لئے 5 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یورو بانڈ کیلئے 5.3 ارب ڈالر کی بولیاں ملی تھیں جس میں سے 2.5 ارب ڈالر کے بانڈ منظور کیے گئے ہیں، 5 سال کیلئے 1 ارب ڈالر کے یورو بانڈ 6 فیصد شرح منافع پرجاری کیے گئے، 10 سال کے لیے 7.37 فیصد شرح منافع پر 1 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کیے گئے، 30 سال کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ 8.87 فی صد شرح منافع پر جاری کیے گئے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق بانڈز کے اجراء سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید بہتری کا امکان ہے ، اس کے علاوہ بانڈز سے ہونے والی سرمایہ کاری سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا بھی پتہ لگایا جاسکے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی کیپٹل مارکیٹ میں یورو بانڈ کے اجرا کو مکمل کرلیا، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے مستقبل کے بارے میں پر امید ہیں۔