Sunday, September 8, 2024

ورلڈ کپ میں ہندوستان سے ہارنے کی روایت نہ بدل سکی‘ پاکستانی مایوس

ورلڈ کپ میں ہندوستان سے ہارنے کی روایت نہ بدل سکی‘ پاکستانی مایوس
March 19, 2016
کولکتہ (ویب ڈیسک) کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے 119 رنز کا ہدف بہ آسانی حاصل کر کے پاکستان کو شکست سے دوچار کر دیا۔ شاہین ورلڈکپ میں ہارنے کی روایت توڑنے میں ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے بھارت کیخلاف میچ میں اپنی اننگز کا آغاز بہت محتاط انداز میں کیا۔ احمدشہزاد اور شرجیل خان قدرے سستے انداز میں ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے رہے۔ اس موقع پر احمد شہزاد نے ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے۔ اس موقع پر کمنٹیٹرز نے سلو پچ بنانے پر بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گیند بہت سپن ہو رہی ہے اور پاکستانی اوپنرز کو مشکل پیش آ رہی ہیں۔ شرجیل خان پاکستان کے پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ پانڈیا نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 46 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کو 12 ویں اوور میں ایک اور نقصان شاہد آفریدی کی وکٹ کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جو صرف آٹھ رنز بنا کر چلتے بنے۔ میچ کے 14 ویں اوور میں پاکستان کا پہلا چھکا شعیب ملک نے مارا۔ 16ویں اوور میں پاکستان نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گنوا دیں۔ عمراکمل کے بعد شعیب ملک بھی پویلین لوٹ گئے۔ محمدحفیظ پانچ اور سرفراز احمد آٹھ رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ بھارتی باﺅلرز اشیش نہرا‘ بمرا‘ جدیجا‘ سریش رائنا اور پانڈیا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی جبکہ اشوین کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ بھارت نے 119 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے اننگز کا قدرے پراعتماد آغاز کیا مگر اسے پہلا نقصان روہت شرما کی وکٹ گنوانے سے ہوا۔ وہ دس رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ ان کے آﺅٹ ہونے کے بعد شیکھر دھاون بھی چھ رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ محمد سمیع نے لگاتار دو گیندوں پر شیکھر دھاون اور سریش رائنا کی وکٹ لیکر کسی حد تک سنسنی خیزی پھیلائی مگر کوہلی کی پراعتماد بیٹنگ کے آگے سب ماند پڑ گیا۔ بھارت کی جانب سے یووراج سنگھ نے چوبیس رنز بنائے۔ ویرات کوہلی 55 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی بارہ رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ محمد سمیع نے دو‘ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایک طرف جہاں کرکٹ کا جنون پاکستانیوں کے دل و دماغ میں بسایا ہوتا ہے وہیں بھارت سے ہر ورلڈکپ میں ہارنے کی روایت نے عوام کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔ عوام پوچھتے ہیں پاکستان کا بھارت کو ورلڈکپ میں ہرانے کا خواب آخر کب پورا ہو گا۔