Wednesday, April 24, 2024

پڑوسیوں کیساتھ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، وزیراعظم

پڑوسیوں کیساتھ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، وزیراعظم
December 23, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں 108 ویں مڈشپ مین اور 17ویں شارٹ سروس کمیشن کورٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی ۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔  وزیر اعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام، غیر ملکی سفیروں، مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں، اعلیٰ سول شخصیات اور پاس آﺅٹ ہونے والے مڈشپ مین اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنے خطبہ ءاستقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سید فیصل حمید نے افسران کو دی جانے والی تربیت کے نمایاں پہلوﺅں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ کمیشننگ ٹرم 103مڈشپ مین پر مشتمل ہے جن میں پاکستان کے 57، سعودی عرب کے 22 ، قطر کے 15اور بحرین کے 9افسران شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شارٹ سروس کمیشن کورس کے 26کیڈٹس نے بھی آج کمیشن حاصل کیا ہے۔

کمیشننگ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور دوستانہ روابط کے قیام پر یقین رکھتا ہے ۔ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں  تاہم قیام امن کے لیے پاکستان کی اس خواہش کو ہماری کمزوری یا خطے میں وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں سے لا تعلقی نہ سمجھا جائے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں تسلط قائم کرنے کی کسی قسم کی خفیہ یا غیر قدرتی کوشش نہ توکبھی کامیابی سے ہمکنا ر ہوگی اور نہ ہی امن واستحکام کے قیام کے لیے سود مند ثابت ہوگی ۔ اس خطے کے عوام بہتر طرز زندگی ، ترقی اور خوشحالی کا پورا حق رکھتے ہیں جس کا حصول صرف باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے میں ہی مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں تعمیر ی امور اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنی چاہئیں۔

 

مہمان خصوصی نے اس امر پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ ملک کے مجموعی دفاع اور قومی سلامتی میں انتہائی موثر کردار ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک  چین  اقتصادی راہداری منصوبے  جس میں گوادر پورٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے کے تناظر میں پوری ساحلی پٹی پر میری ٹائم سیکیورٹی نہایت اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان نیوی ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم اور پور ی طرح چوکنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سمندری دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور ’بلیو اکانومی ‘ کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

                اس اہم سنگ میل کے حصول پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے نوجوان افسروں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے ماتحت کام کرنے والوں کی قیادت اور رہنمائی کے لیے بہترین طرز عمل، مضبوط کردار ، علم اور دور اندیشی کو اپنا شعار بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جرآت و بہادری اور ثابت قدمی ایک لیڈر کا خاصہ ہوتی ہے ۔ وہ ناموافق حالات کا مقابلہ بھی پر سکون اندازمیں کرتا ہے اور ہمیشہ اپنے اطراف ہونے والی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہتا ہے۔ انہوں نے پا س آﺅٹ ہونے والے افسران سے کہا کہ وہ اپنی ٹیم میں اتحاد اور مقصدیت کو فروغ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قومی مفاد ہمیشہ شخصی مفادات پر غالب رہے۔

ازیں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈشپ مین سید ارتضیٰ حیدر نقوی کو ان کی مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ مڈشپ مین محمد آفتاب نبی نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی ۔ کیڈٹ دایان احمد ، بحرین سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ عبداللہ شاہین اور کیڈٹ محمد حبیب نے بالترتیب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف گولڈ میڈل، چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل اور کمانڈنٹ گولڈ میڈکے حقدار قرار پائے۔ فاکسل اسکوادڑن نے اپنی مجموعی بہترین کارکردگی پر پرفینشنسی بینر حاصل کیا۔