Wednesday, May 1, 2024

پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون کو شامل کر دیاگیا

پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون کو شامل کر دیاگیا
October 16, 2018
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون کی شمولیت سے پاک بحریہ نے  دفاعی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم اٹھالیا۔ پاک بحریہ کے لیے تیار کردہ 1700ٹن فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون کو پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کردیا گیا ، پی این ایس معاون کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز ہے ،جسے ترکی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے ۔ پی این ایس معاون مختلف میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کا حامل ہے جن میں سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو تیل اور دیگر فوجی سازو سامان کی فراہمی شامل ہے ۔ خطبہ استقبالیہ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ دفاعی پیداوار کے میدان میں خود انحصاری کے حصول کے لیے کوشاں ہے ، پاک بحریہ ملک کے بحری مفادات کے تحفظ اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔   تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی شپ یارڈ میں ترکی کے اشتراک سے تیار کردہ پی این ایس معاون پاک ترک دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات کی واضح دلیل ہے ۔ انہو ں نے پاکستان میں اس جہاز کی تیاری پر وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان نیوی،ایم ایس، ایس ٹی ایم  اور کراچی شپ یارڈ کو مبارک باد پیش کی ۔ تقریب میں وفاقی وزراء، سفراء، نمایاں سول شخصیات اور فوجی حکام سمیت ترک حکام نے شرکت کی ۔