Wednesday, May 8, 2024

پاکستان میں ہر سو ارطغرل غازی کی ہی باتیں

پاکستان میں ہر سو ارطغرل غازی کی ہی باتیں
May 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پاکستان  میں ترک تاریخی ڈرامے ارطغرل غازی کی ہی باتیں،ارطغرل ڈرامے کی کہانی اور کرداروں سے پاکستانی عوام کی جذباتی وابستگی اتنی بڑھ چکی ہے کہ ڈرامے کی ریلیز کیخلاف بات کرنے والوں کو اسکی وضاحتیں دینا پڑرہی ہیں۔

ارطغرل غازی کی پاکستان میں ریلیز پر پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کوئی خوش تو کوئی ناراض تاہم عوام کی ڈرامے سے جذباتی وابستگی دیکھ کر سپر اسٹار ریما خان کو بھی ارطغرل  غازی کی ریلیز  کے خلاف اپنے بیان کی وضاحت دینا پڑگئی ۔

 سوشل میڈیا پر سخت تنقید کے بعد ریما خان نے وضاحتی بیان میں کہا وہ اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے کی مخالف نہیں تاہم بارٹر سسٹم کے تحت ہمارے ڈرامے بھی ترک زبان میں ترجمہ کرکے ترکی کے چینلز پرچلانے چاہئیں تاکہ ہماری مقامی انڈسٹری کو بھی اسکا فائدہ ہو۔

اداکار شان نے بھی ارطغرل کو سرکاری ٹی وی پرنشر کیے جانے کی مذمت کی تھی،اداکار یاسر حسین نے بھی غیر ملکی ڈراموں کو ملکی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے نقصان دہ قراردیا تھا جبکہ اداکار جوڑی صاحبہ اور ریمبو ارطغرل دکھانے پر خوش ہیں۔صاحبہ نے سوشل میڈیا پر لکھا ارطغرل کی مقبولیت سے ثابت ہوا پاکستانی عوام  مضبوط کہانی، عورت کو باحجاب اور مرد کو بہادر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ادھر ارطغرل غازی کا مرکزی  کردار نبھانے والے  انجین التان دوزیتان  اور اصلحان خاتون کا کردار نبھانے والی گلثوم علی  نے ڈرامے کو پسند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔