Monday, September 16, 2024

پاکستان میں ہر روز نو سے زیادہ بچے جنسی تشدد کا شکار ہو جاتے ہیں ، رپورٹ

پاکستان میں ہر روز نو سے زیادہ بچے جنسی تشدد کا شکار ہو جاتے ہیں ، رپورٹ
April 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے ساحل نے پاکستان میں بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات سے پردہ اٹھا دیا ۔ اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں ہر روز نو سے زیادہ بچے جنسی تشدد کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ رپورٹ کےمطابق دو ہزار سترہ میں بچوں کے جنسی استحصال کے کل تین ہزار چار سو پینتالیس واقعات پیش آئے ۔ ایک ہزار انتالیس اغواء کے واقعات، چار سو سڑسٹھ لڑکیوں کے ساتھ زیادتی جبکہ تین سو چھیاسٹھ واقعات لڑکوں کے ساتھ زیادتی کے رونما ہوئے ۔ لڑکوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے 180 اور لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے 158 واقعات رپورٹ ہوئے ۔ ایک سو نو واقعات میں بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ۔ اس قسم کے واقعات میں 2016 کی نسبت نو فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ساٹھ فیصد کیسز میں بچوں کو ہراساں کرنے والے قریبی لوگ یا خاندان کے افراد ہوتے ہیں ۔ جنسی استحصال کا شکار ہونے والے بچوں میں چھے سو چالیس کی عمر چھے سے دس برس کے درمیان تھی جبکہ نو سو اکسٹھ کی عمر گیارہ سے پندرہ سال کے درمیان بتائی گئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے تریسٹھ فیصد واقعات پنجاب، ستائیس فیصد سندھ، چار فیصد بلوچستان، دو فیصد خیبرپختونخوا اور تین فیصد اسلام آباد سے سامنے آئے۔