Sunday, September 8, 2024

پاکستان میں گردے کے امراض میں خوفناک حد تک اضافہ، شعور اجاگر کرنے کیلئے کڈنی واک کا اہتمام

پاکستان میں گردے کے امراض میں خوفناک حد تک اضافہ، شعور اجاگر کرنے کیلئے کڈنی واک کا اہتمام
March 17, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان میں گردے کے امراض میں خوفناک حد تک اضافہ۔ ہر سال بیس ہزار افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ سرکاری اور نجی سطح پر علاج کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ عوام میں اس بیماری سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے لاہور میں کڈنی واک کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں گردے کی بیماریاں روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ صوبہ پنجاب میں صرف چند سرکاری اسپتال ہی ایسے ہیں جہاں ڈائیلسز سمیت گردے کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاہم مریضوں کی باری آنے میں کئی کئی ماہ لگ جاتے ہیں۔ گردوں کی بیماریوں کے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے کڈنی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ماہر معالجین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گردے کی بیماریوں سے بچاﺅ کیلئے جہاں عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے وہیں اس کے موثر علاج کیلئے تمام اسپتالوں میں گردے کی بیماری کے شعبے قائم کرنے بھی ضروری ہیں۔