Sunday, September 8, 2024

پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی اصل تعداد اندازوں سے زیادہ ہے : طبی ماہرین

پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی اصل تعداد اندازوں سے زیادہ ہے : طبی ماہرین
March 21, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ پچھلے دس سالوں میں پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل ہونے والا اضافہ تشویش ناک صورتحال اختیار کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عموماً میڈیا رپورٹس میں کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں کینسر کے 14 لاکھ مریض ہیں اور ہر سال 80 ہزار لوگ اس بیماری کی وجہ سے اپنی جان کھو بیٹھتے ہیں مگر پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہے کیونکہ بہت سے کیسز رپورٹ نہیں ہوتے۔ کینسر کے مریضوں میں زیادہ تعداد ان خواتین کی ہے جو چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہیں جبکہ مردوں میں پھیپھڑے اور منہ کے کینسر کی بیماری عام ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کینسر کی مختلف اقسام ہیں اور ان کی علامات بھی مختلف ہوتی ہیں۔ معاشرے میں غیرمعیاری کھادوں، زرعی ادویات اور کیمیکلز کا بڑھتا ہوا استعمال بھی کینسر کی بیماری کے فروغ کا باعث بن رہا ہے۔ سگریٹ نوشی سے پندرہ قسم کے کینسر ہو سکتے ہیں۔ طبی ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ لوگ اپنی صحت کا خیال رکھ کر، ہیپاٹائیٹس اور کینسر کی بیماری کی حفاظتی ویکسین لگوا کر، خوراک میں سبزیوں اور فروٹ کا زیادہ استعمال کر کے، ماحول، پانی اور صاف غذا اور صحت مندانہ طرز زندگی یقینی بنا کر کینسر کے امکانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ایشیا بھر میں چھاتی کے کینسر کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد والا ملک ہے۔ ملک میں ہر نویں خاتون کو بریسٹ کینسر کے خطرے کا سامنا ہے۔