Wednesday, April 24, 2024

‘پاکستان میں کھیلنا کرکٹ کی جیت ہے’

‘پاکستان میں کھیلنا کرکٹ کی جیت ہے’
March 6, 2017

لاہور (92نیوز) پاکستان سپر لیگ کا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور سر ویون رچرڈ پاکستان میں اپنے استقبال پر بہت خوش ہیں۔ کہتے ہیں ہمارا پاکستان میں کھیلنا کرکٹ کی جیت ہے اور یہی ہمارا سب کیلئے پیغام ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی اختتامی پریس کانفرنس میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کامیابی کو پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں کی کامیابی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ اور بیوی نے مجھے پاکستان جانے سے منع کیا تھا لیکن میں نے انہیں سمجھایا کہ میرا مقصد کرکٹ کی خدمت ہے، وہ سمجھ گئیں اور یہاں آ کر احساس ہوا کہ میرا فیصلہ ٹھیک تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور سرویون رچرڈ نے کپتان سرفراز احمد اور پوری ٹیم کی محنت کو سراہا۔ ساتھ ہی کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں کرکٹ کی بحالی سے ان کا دل باغ باغ ہو گیا ہے۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑی واپس روانہ ہو گئے۔ البتہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منٹور ویون رچرڈ پاکستان میں مزید قیام کرینگے۔