Tuesday, April 23, 2024

پاکستان میں کورونا کیسز سات سے آٹھ فیصد کم ہو گئے ، چیئر مین این ڈی ایم اے

پاکستان میں کورونا کیسز سات سے آٹھ فیصد کم ہو گئے ، چیئر مین این ڈی ایم اے
July 6, 2020
 لاہور (92 نیوز) چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا پاکستان میں کورونا کیسز سات سے آٹھ فیصد کم ہو گئے ۔ لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں قوم کو اچھی خبر سنا دی ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کورونا کے حوالے سے صورتحال بہتری کی طرف جارہی ہے۔ ٹیسٹوں کی تعداد کچھ کم ہوئے ہیں۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کیسز کی تعداد بھی اسی وجہ سے کم ہے۔ اللہ کا شکر ہے پاکستان میں گزشتہ 11 روز میں کورونا کے کیسز میں کمی آئی ہے۔ شرح اموات میں کمی آئی، وینٹی لیٹر پر موجود افراد کی تعداد میں کمی آئی، آکسیجن بیڈز پر موجود مریضوں میں بھی کمی آئی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا اندازہ تھا کہ جولائی کے آخر تک کورونا کے حوالے سے صورتحال بہت زیادہ خراب ہو جائے گی۔ اس طرح کے اندازے پرانے نمبرز اور دوسرے ممالک کو دیکھ کر لگائے جاتے ہیں۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت اچھے رزلٹ آنے شروع ہوئے۔ اسلام آباد میں کچھ سیکٹر کو جب بند کیا گیا تو وہاں بھی کیسز میں بہت کمی آئی۔ ٹیسٹنگ ہونے کے باوجود کیسز میں سات سے آٹھ فیصد کمی آئی۔ کورونا کے حوالے سے لوگوں کے مسائل میں بھی کمی آئی ہے۔ لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا اسلام آباد میں آئسولیشن اسپتال 4 ملین ڈالر کی لاگت سے چین کی مدد سے بنایا گیا ہے۔ سارا کام صرف چھ ہفتوں میں مکمل کرلیا گیا ہے۔ 10 مئی کو اسپتال مکمل ہو چکا تھا، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، جمعرات یا جمعہ کو اسے آپریشنل کر دیا جائے گا۔ یہ اسپتال وبائی امراض کے حوالے سے استعمال ہو گا۔ چھ مزید اسپتال بنانے کے لیے چالیس چالیس کنال زمین الاٹ کر دی گئی ہے۔