Thursday, March 28, 2024

پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ ، نماز جمعہ خصوصی حفاظتی اقدامات کے تحت ادا کی گئی

پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ ، نماز جمعہ خصوصی حفاظتی اقدامات کے تحت ادا کی گئی
March 20, 2020

 کراچی (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کے باعث مختلف شہروں میں نماز جمعہ خصوصی حفاظتی اقدامات کے تحت ادا کی گئی۔ حکومت اور علمائے کرام نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نماز جمعہ کے اجتماعات پر سخت انتظامات کیے گئے۔ حکومت اور علما کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ نماز جمعہ کے لئے وضو گھرسے کرکے آئیں۔ شہریوں سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ سنتیں گھروں سے پڑھ کر آئیں اور بعد کی سنتیں گھر جا کر پڑھیں۔

پاکستان علما کونسل نے کورونا وائرس کے پیش نظر جمعہ کے حوالے سے مشترکہ فتویٰ جاری کیا تھا کہ اردو تقریر ختم کرکے عربی خطبات کو مختصر کر دیا جائے۔ مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے۔ مساجد میں نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی کورونا وائرس کی احتیاط میں مصافحے اور معانقہ کی بجائے زبان سے السلام علیکم کہا جائے۔ مساجد میں وضوخانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کا خیال رکھا جائے۔

مال روڈ لاہور کی مسجد شہدا میں نمازیوں کے لیے کھلی جگہ پر صفوں کا انتظام کیا گیا۔ جنگلوں کے ساتھ ساتھ دریاں کھڑی کی گئیں۔