Thursday, April 18, 2024

پاکستان میں کورونا وائرس مزید 2 زندگیاں نگل گیا ، اموات 26 ہو گئیں

پاکستان میں کورونا وائرس مزید 2 زندگیاں نگل گیا ، اموات 26 ہو گئیں
April 1, 2020

 لاہور (92 نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس مزید 2 زندگیاں نگل گیا۔ اموات 26 ہو گئیں۔ ملک بھر میں 178  نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔

 کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2039 تک جا پہنچی۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پنجاب میں 708،سندھ 676، خیبرپختونخوا میں253 متاثرین ۔ گلگت بلتستان میں184، بلوچستان 158،اسلام آباد 54 اور آزاد کشمیر میں 6 کیسز ہیں۔ 10مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ادھر رائیونڈ سٹی کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا ۔ تبلیغی مرکز میں کورونا کیسز سامنے آنے پر پورے شہر کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا۔

رائیونڈ سٹی میں تمام جنرل اسٹورز اور میڈیکل اسٹورز بھی بند کرا دئیے گئے۔ پولیس اور رینجرز گلیوں میں گشت کر رہی ہے ، کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔

دوسری طرف کورونا سے بچاؤ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہم فیصلہ کرلیا ، پنجاب میں دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی ۔ صوبے میں کریانہ، گراسری اور جنرل اسٹورز کے نئے اوقات کار مقرر کر دئے گئے جس کے مطابق جنرل اسٹورز، گراسری اور کریانہ کی دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گی۔ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ ہو گا ۔