Wednesday, April 24, 2024

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 292 ہو گئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 292 ہو گئی
April 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس نے آج بھی 11جانیں لے لیں ،  ملک میں  اموات 292 تک جاپہنچیں،581نئے کیسز سامنے آ گئے ۔متاثرین کی تعداد 13 ہزار915 ہوگئی۔خیبرپختونخوا میں مریضوں کی شرح تو کم ہے تاہم ہلاکتیں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں ، کورونا سے جاں بحق ڈاکٹر جاوید کے ساتھی ڈاکٹر لیاقت کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ملک بھر میں مزید سیکڑوں افراد وائرس کا شکار ہوگئے تاہم اب تک 3 ہزار سے زائد افراد موت کی وادی کو شکست دے کر زندگی کی راہ پر گامزن ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد تو زیادہ نہیں تاہم اموات میں صوبہ پہلے نمبر پر ہے، اب تک 104 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبے میں 22 فیصد خواتین جبکہ 78 فیصد مرد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے، 85 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں۔

ملک بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کے نشانے پر ہے، کورونا سے جاں بحق پشاور کے ڈاکٹر جاوید کے ساتھ کام کرنے والے ڈاکٹر لیاقت کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا، ملک میں 376 ہیلتھ کیئرورکرز کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

دبئی سے پشاور پہنچنے والے 684 میں 66 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، محکمہ صحت کے مطابق  غیر ملکی ایئرلائن کی 3 پروازوں سے 684 مسافر دبئی سے پشاور پہنچے،350 مسافروں کے ٹیسٹ منفی آنے پر گھر بھیج دیا گیا۔