Wednesday, May 8, 2024

پاکستان میں کورونا مزید 31 زندگیاں نگل گیا، مجموعی تعداد 834 ہوگئی

پاکستان میں کورونا مزید 31 زندگیاں نگل گیا، مجموعی تعداد 834 ہوگئی
May 17, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کے متاثرین میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ ہیلتھ کئیر ورکرز پر بھی وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 65 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثرہوئے۔ ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 38 ہزار 799 تک پہنچ گئی، ایک دن میں 31 افراد جاں بحق ہوگئے، اموات کی تعداد 834 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1581 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 14 ہزار 201،سندھ میں 14 ہزار 916، خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 678، بلوچستان میں 2 ہزار 457، گلگت بلتستان میں 518،اسلام آباد میں 921 جبکہ آزاد کشمیر میں 108 کیسز ابتک رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ 59 ہزار 264 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ہزار 878 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 ہزار 880 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 31 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 834 ہوگئی۔ سندھ میں 255، پنجاب میں 245، خیبر پختونخوا میں 291، گلگت بلتستان میں 4، بلوچستان میں 31 اور اسلام آباد میں 7 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان اسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 65 نئے کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 1072 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک 12 ڈاکٹرز، طبی عملہ کورونا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 569  ڈاکٹرز، 167 نرسز اور 336 دیگر طبی عملے کے افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ سرگودھا میں  ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کورونا وارڈ کے باہر تعینات 7 اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہو گئی جنہیں فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میں کورونا کے 7 کیسز سامنے آئے،  انتظامیہ نے اسٹاف ممبران کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ  کیا ہے۔ ادھر ڈی ڈی ایچ او تاندلیانوالہ کے دفتر میں کلرک کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی ۔ ادھر پاکستان میں بنائے گئے وینٹی لیٹرز کے استعمال میں حائل رکاوٹ دور ہو گئی این ڈی ایم اے نے مصنوعی پھیپھڑے بیرون ملک سے منگوا لیے، مصنوعی پھیپھڑوں پر وینٹی لیٹرز کا ٹرائل شروع کردیا گیا۔