Wednesday, April 24, 2024

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز، 457 جاں بحق ہو چکے

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز، 457 جاں بحق ہو چکے
May 4, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)پڑوسی ملک ایران میں تو کورونا وائرس قابو میں آچکا ہے مگر پاکستان میں اس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا ،  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 981 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد ملک میں کیسز کی تعداد 20 ہزار 84 ہو گئی۔ مزید 17 اموات کے بعد اب تک 457  کورونا متاثرین موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

لاک ڈاؤن اور سختیوں کے باوجود بھی پاکستان  میں کورونا بے قابو ہونے لگا ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ17افراد موت کے منہ میں چلے گئے ، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 457  ہو گئی ،ملک میں متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 638 نئے کیس کے بعد تعداد 7494 ہو گئی ہے ، سیالکوٹ میں تھانہ سٹی ڈسکہ کے ایس ایچ او سمیت سولہ پولیس اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ، تمام اہلکاروں کو پسرور کیڈٹ کالج قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں مزید 18 ہیلتھ کئیر ورکرزکورونا سے متاثر ہو گئے ، جس کے بعد متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 503 تک پہنچ گئی ہے، وزارت صحت کے مطابق متاثرہ ڈاکٹرز257، نرسز70 اور دیگر طبی عملہ کی تعداد 176ہو گئی۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں کورونا کے 9 مزید کیسز سامنے آگئے، ڈپٹی کمشنر نے
مزید سات گلیاں سیل کرنے کا حکم دے دیا، ضلعی انتظامیہ نے پولیس رینجرز اور پاک فوج کی مدد طلب کرلی۔

پی آئی اے کی آسٹریلیا سے لاہور آنے والی پرواز کے پائلٹ اور 3فضائی میزبان بھی کورونا کے شکار ہو گئےجنہیں سی ایم ایچ لاہور منتقل کردیا گیا۔

شکارپور میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 10 کیس سامنے آگئے، تونسہ شریف کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈاکٹر سمیت 5 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے، جلال پور بھٹیاں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

جیکب آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے، ادھر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ اور ان کے بھائی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔