Friday, May 17, 2024

پاکستان میں کورونا سے مزید تین اموات ،394 نئے کیسز رپورٹ

پاکستان میں کورونا سے مزید تین اموات ،394 نئے کیسز رپورٹ
September 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان میں کورونا کیسز  روز بروز کم ہونے لگے ،گزشتہ روز 394 نئے کیسز اور 3  اموات رپورٹ ہوئیں ،2لاکھ 86 ہزار سے زائد  مریض صحتیاب ہوگئے ،ملک بھر میں فعال کیسز  کی تعداد 6 ہزار کے قریب  رہ گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر  کے مطابق  24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 394 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 3 افراد  جاں بحق ہو گئے ،ملک بھر میں اموات کی تعداد 6345 تک  پہنچ گئی ،ترجمان کے مطابق صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 16 جبکہ فعال کیسز کی تعداد 6 ہزار 542 رہ گئی ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 903 تک پہنچ گئی ،سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 671 ، پنجاب میں 97 ہزار 226 ،کے پی کے میں 36 ہزار 625 ، بلوچستان میں 13 ہزار 292 ،اسلام آباد میں 15 ہزار 750 ،آزاد جموں و کشمیر میں 2331 اور گلگت بلتستان میں 3008 ہے ۔

ترجمان کے مطابق  گذشتہ روز 20 ہزار 980 افراد کے  ٹیسٹ کیے گئے ،ملک بھر میں اب تک 27 لاکھ 78 ہزار 689 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ،735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات دستیاب ہیں ،اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد 1912 ہے ،جبکہ اس وقت 1  ہزار 50 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔