Tuesday, May 14, 2024

پاکستان میں کورونا دم توڑنے لگا، 4 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا دم توڑنے لگا، 4 افراد جاں بحق
August 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا دم توڑنے لگا۔ 24 گھنٹوں میں 591 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد مریض صحتیاب جبکہ ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار کے قریب رہ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 591 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کم ترین 4 اموات کے ساتھ اب تک 6235 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2  لاکھ 75 ہزار 836 ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 10 ہزار 694 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 765 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 965، پنجاب میں 96 ہزار 178، کے پی کے میں 35 ہزار 720، بلوچستان میں 12 ہزار 507، اسلام آباد میں 15 ہزار 493، آزاد جموں و کشمیر میں 2245 اور گلگت بلتستان میں 2657 ہے۔ ترجمان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 24 ہزار 956 افراد کے  ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک 24 لاکھ 39 ہزار 858 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ ‏‏اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد 1920 جبکہ 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات دستیاب ہیں۔ اس وقت 1 ہزار 173 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔