Thursday, April 25, 2024

لمبی اندھیری رات ختم ہو چکی ، 25جولائی کو نئی صبح طلوع ہوگی،عمران خان

لمبی اندھیری رات ختم ہو چکی ، 25جولائی کو نئی صبح طلوع ہوگی،عمران خان
July 11, 2018
بورے والا( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ  لمبی اندھیری رات ختم ہو چکی ہے ، 25 جولائی کو نئی صبح طلوع ہو گی ۔ بورے والا میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ  نواز شریف اورزرداری کے بچے باریاں لینے کو تیار بیٹھے ہیں ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی وزیراعظم بننے کو تیار بیٹھے ہیں ، دونوں دل میں میرا شکریہ بھی ادا کر رہے ہیں ۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ  پی ٹی آئی میدان میں آئی ہے ، انشااللہ 25 جولائی کو پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن دونوں کو شکست دیں گے ۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد  میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں کمزور اور طاقتور کیلئے الگ الگ قانون ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ایک مجرم پکڑا گیا اب وہ کہتاہے میری واپسی پر جلسے کرو، تین سو ارب کی چوری کرنے والا مظلوم بن رہا ہے ، شکست مسلم لیگ ن کامقدر بن چکی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی کمزور طبقے کو حقوق حاصل نہیں  ، اگر اڑھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں تو ان کے بنیادی حقوق ہی لے لئے گئے ہیں،مدینہ کی فلائی ریاست میں سب کے حقوق تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیتیں بھی میسر نہیں، جب کوئی معاشرہ اوپر آتا ہے تو سب سے پہلے وہ قانون پر عملدرآمد کرتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 90 فیصد آبادی انصاف کی فراہمی کے وسائل سےمحروم ہے، دوسرے ممالک میں ریاست روزگار کی ذمہ داری لیتی ہے ۔ برطانیہ میں منی لانڈرنگ میں پکڑا جانے والا وزیراعظم پبلک میں جانے کا سوچ نہیں سکتا، یہاں منی لانڈرنگ کا چور اعظم آ رہا ہے ۔