Sunday, May 19, 2024

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد16،کراچی میں 9نئے کیسز

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد16،کراچی میں 9نئے کیسز
March 10, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 16 ہوگئی، کراچی میں کرونا  کے 9 نئے کیسز  رپورٹ ہوئے، تمام نئے کیسز پہلے سے ایک کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں، مرِیض سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس اور چیک کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے  اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ  کراچی میں مزید 9کیسز کی تصدیق  ہوئی ہے ، کراچی میں مزید 9 کیس سامنے آنے سے  ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد16 ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق کرونا سے متاثر پانچ افرادنے شام براستہ دوحہ سے کراچی سفر کیا ، تین مریض لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچے تھے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ  مرادعلی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ، جس میں  بتایاگیاکہ وفاق  نے سندھ حکومت کی تجویز پر انٹرنیشنل فلائٹس کے مسافروں کو ٹریول ڈیکلریشن کارڈ دینا شروع کر دئیے ہیں ۔ بیرون ملک سے آنیوالے تمام مسافروں کی اسکریننگ جاری ر کھنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے ۔ ادھر بلوچستان میں میاں غنڈی کے مقام پر قرنطینہ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے ، پی ڈی ایم اے حکام  کے مطابق قرنطینہ سینٹر میں بیک وقت ایک ہزار سے زائد لوگوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ قرنطینہ سینٹر  میں ایران سے آنے والے پاکستانی باشندوں کو رکھا جائے گا۔