Sunday, May 19, 2024

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 18، کراچی میں 10 نئے کیسز

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 18، کراچی میں 10 نئے کیسز
March 10, 2020
 کراچی (92 نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 18 ہو گئی۔ کراچی سمیت سندھ میں مزید 10 کیس رپورٹ ہوئے۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے اپنے دفاتر میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔ سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے تمام دفاتر میں ملازمین کےعلاوہ دیگر افراد کا داخلہ بند کر دیا۔ محکمہ صحت کے مطابق کرونا وائرس کے سبب ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پابندی کا اطلاق محکمہ صحت کے تمام ذیلی دفاتر میں ہو گا۔ ادھر سندھ میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض صحت یاب ہو گیا۔ متاثرہ شخص کو آئندہ 36 گھنٹوں میں اسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعلی مرادعلی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا 162 افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے، 147 کے ٹیسٹ منفی آئے۔ دوسری طرف کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر سندھ ہائی کورٹ  کا  اہم اقدام سامنے آ گیا جس کے مطابق سندھ بھر میں بائیو میٹرک سسٹم میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا۔ فیصلہ ہوا ہے  کہ ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں بائیو میٹرک حاضری انگوٹھے کے بجائے چہروں کے ذریعے کی جائے گی۔ فیصلے کا اطلاق تمام ملازمین اور افسران پر ہوگا۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن  میں تمام ملازمی اور افسران کو انگوٹھے سے حاضری لگانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔