Saturday, April 20, 2024

پاکستان میں پناہ لینے والے پانچ افسروں سمیت 46 افغان فوجی افغان حکام کے حوالے

پاکستان میں پناہ لینے والے پانچ افسروں سمیت 46 افغان فوجی افغان حکام کے حوالے
July 27, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان میں پناہ لینے والے پانچ افسروں سمیت 46 افغان فوجی افغان حکام کے حوالے کر دیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی نے معلومات اور ضروری کارروائی کے لیے افغان آرمی سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں نواپاس باجوڑ میں افغان حکومت کے حوالے کر دیا گیا۔ افغان فوج اور بارڈر پولیس کے 5 افسران سمیت 46 افغان فوجیوں کو 25 جولائی کو چترال کے پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے ارونڈو سیکٹر میں  پاکستان آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  چترال اروندو سیکٹر کے پاس تعینات افغان آرمی کے کمانڈر نے پناہ کے لیے پاک فوج سے رابطہ کیا تھا۔ یہ افغان سپاہی پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر واقع اپنی چوکی پر مزید قبضہ جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے تھے، لہذا ان پاکستان میں پناہ اورمحفوظ راستہ دیا گیا۔ پاکستان نے ان افغان فوجیوں کو ہتھیاروں، گولہ بارود اور مواصلات کے سازوسامان کے ساتھ آنے کی اجازت دی تھی۔

دوسری جانب پاکستان سے مدد مانگنے والے افغان فوجیوں کی فوٹیج سامنے آ گئی۔ جس سے بی بی سی کی بغیر تصدیق من گھڑت سٹوری کا بھی پول کھل گیا۔ پاکستان مخالف پراپیگنڈہ مہم ایک بار پھر بے نقاب ہوئی۔ پاکستان سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی ایک اور سٹوری سے  بی بی سی کی عالمی سطح پر ساکھ پر سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔