Sunday, May 12, 2024

پاکستان میں نئے سال کا شاندار آتشبازی سے استقبال

پاکستان میں نئے سال کا شاندار آتشبازی سے استقبال
January 1, 2017

کراچی / لاہور / اسلام آباد (92نیوز) ملک کے کئی شہروں میں نئے سال کی آمد پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ کراچی میں نئے سال کی خوشی میں کلفٹن میں شاندار آتش بازی ہوئی جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں لوگ امڈ آئے۔ آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے منور ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نئے سال کا جشن خوب منایا گیا۔ بارہ بجتے ہی آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔ کلفٹن میں بحریہ آئیکن ٹاور پر آتش بازی کا دلفریب نظارہ تھا جسے دیکھنے کے لیے شہر بھر سے لوگ آئے تھے۔ ہر ایک کے لب پر ایک ہی دعا تھی کہ آنے والا سال گئے سال سے اچھا ہو۔ کراچی میں جو امن قائم ہوا وہ پائیدار ہوجائے اور زندگی رواں دواں رہے۔

کلفٹن کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں اور ریسٹورنٹس میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ادھر لاہور میں بھی نئے سال کا جشن جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ شہر میں کئی مقامات پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے تقریبات ہوئیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور کیک کاٹنے کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔ شہر میں نئے سال کے موقع پر پرائیویٹ پارٹیوں کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں منچلوں نے خوب ہلہ گلہ اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔

شوبز شخصیات نے بھی نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیا سال ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں نے بھی سال نو کا جشن بھرپور طریقے سے منایا۔

شہرکےمختلف علاقوں میں منچلے سڑکوں پر اُمڈ آئے اور بھنگڑے ڈالے اور دو ہزار سترہ کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا۔ اسلام آباد جناح سپرمارکیٹ میں منچلوں نے خوب آتشبازی کی۔ نوجوان ٹولیوں کی شکل میں پہنچے تو پولیس نے مارکیٹ بند کروا دی اور انہیں بھگانے کی کوشش کی مگر پولیس ناکام رہی۔ منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ شہر میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 506 نوجوان اور افسر متعین کئے گئے تھے۔