Wednesday, May 22, 2024

پاکستان میں مہنگائی ہونے کی بڑی وجہ کورونا وباء ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان میں مہنگائی ہونے کی بڑی وجہ کورونا وباء ہے، وزیراعظم عمران خان
November 5, 2021 ویب ڈیسک

اٹک (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں پاکستان میں مہنگائی ہونے کی بڑی وجہ کورونا وباء ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ اٹک کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم زیادہ تر اشیا باہر سے منگواتے ہیں، تیل اور کرائے بڑھنے سے مہنگی مل رہی ہیں، دنیا کو مہنگائی سے بچانے کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ کورونا وباء میں دنیا میں پٹرول مہنگا ہوا، پاکستان میں پٹرول کی قیمت بھارت اور بنگلہ دیش سے کم ہے۔ پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کیلئے ٹیکس اور لیوی کم کی۔

عمران خان نے کہا ابھی مشکل وقت ہے، ریلیف دینے کیلئے احساس پراجیکٹ لائے ہیں، پیکیج سے لوگوں کو آٹا گھی 30 فیصد کم ریٹ میں ملے گا، سندھ کی تین شوگر ملیں بند کرنے کی وجہ سے چینی کی قیمت 140روپے کلو ہوئی، شوگر ملز مالکان نے کارروائی سے بچنے کیلئے عدالت سے اسٹے لیا ہوا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار ایڈوکیٹ جنرل اور وزیرقانون کو اسٹے آرڈر کی واپسی کی کوشش کرنے کی ہدایات کریں۔ کسی مہذب معاشرے میں ذخیرہ اندوزی جائز نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کمزور طبقے اور علاقوں کو آگے لانا ہماری ترجیح ہے، 5 سال میں ہم کمزور طبقے کو آگے لانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔ مزید کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضے دے رہے ہیں، گھر بنانے کیلئے قرض دے رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری کارکردگی سے خیبرپختونخوا کے عوام نے دوسری بار تحریک انصاف کو منتخب کیا، ہماری حکومت میں سب سے زیادہ تیزی سے غربت ختم ہوئی۔

وزیراعظم بولے کہ ہم 50 سال کے بعد ملک میں 3 بڑے ڈیم بنا رہے ہیں،  اگلے 10سال میں 10 نئے ڈیم بنائیں گے۔ مزید کہا کہ 50 سال میں پہلی بار کوئی حکومت عوام کا سوچ رہی ہے۔ پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، باہر سے پیسہ آرہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اسکولوں کی حالت بدلی، ہیلتھ کارڈ شروع کئے تھے، عثمان بزدار صاحب تنقید کرنے والوں کو کہیں کہ پانچ سال پورے ہونے پر ہماری کارکردگی دیکھنا۔ 2 خاندانوں نے خود امیر ہو کر پاکستان کو بنگلہ دیش سے بھی پیچھے دھکیل دیا۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں پانچ مدراینڈ چائلڈ اسپتال بنا رہے ہیں، 2سال میں مکمل ہوں گے۔ وزیراعظم نے اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر خاندان کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوگا، 10لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہوسکے گا، ہیلتھ کارڈ بننے کے بعد پرائیویٹ ادارے دیہاتوں میں اسپتال بنائیں گے، پرائیویٹ سیکٹر کو دیہی علاقوں میں اسپتال بنانے کی لئے زمین دیں گے۔ ہم اب تک پاکستان میں ڈھائی ارب درخت لگا چکے ہیں، ماحولیات آلودگی کم ہوگی۔ آنے والی نسلوں کیلئے بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب ہماری حکومت آئی تو معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، جب باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا جب ہماری حکومت آئی تو معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل تھی، جب باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں۔