Monday, May 6, 2024

پاکستان میں ملیریا سے ہر سال 5 لاکھ افراد متاثر ہوتے ہیں: ماہرین صحت

پاکستان میں ملیریا سے ہر سال 5 لاکھ افراد متاثر ہوتے ہیں: ماہرین صحت
April 25, 2016
لاہور (92نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ملیریا سے بچاو کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق مچھر سے پھیلنے والی اس بیماری سے پاکستان میں ہر سال پانچ لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مچھر سے پھیلنے والی بیماری ملیریا پاکستان میں بھی پائی جاتی ہے۔ ماہرین کہتے کہ ملیریا زیادہ تر بارشوں کے موسم کے بعد پھیلتا ہے اور ایسا مرض ہے کہ جسکی کوئی بھی موثر دوا موجود نہیں تاہم حال ہی میں سائنسدان مچھروں میں اس پروٹین کی نشاندہی کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس کے باعث مچھر ملیریا پھیلاتے ہیں۔ سائنسدانوں کو امید ہے کہ اب اس تحقیق کی مدد سے وہ ملیریے کی زیادہ موثر دوا بنانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ ملیریا کی بیماری مادہ مچھر کی ایک قسم کے کاٹنے سے پھیلتی ہے اور متاثرہ شخص کے جگر میں یہ جرثومے ہفتوں سے مہینوں یا سالوں تک نمو پاتے ہیں اور جب ایک خاص تعداد میں جرثومے پیدا ہو جاتے ہیں تو ملیریا کا واضح حملہ ہوتا ہے۔ ملیریا کی نشانیوں میں سردی، متلی، الٹیاں، ڈائریا، شدید کمزوری، پٹھوں کا دکھنا، پیٹ، کمر اور جوڑوں میں درد، کھانسی،گھبراہٹ،بخار اور سر درد شامل ہیں۔ شدید حملے میں اعصابی نظام بری طرح سے متاثر ہوتا ہے اور مریض بے ہوش ہونے کے بعد چند دنوں میں ہلاک ہو جاتا ہے۔