Friday, May 3, 2024

پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کی تفصیلا ت قومی اسمبلی میں پیش !!! نئی سکیورٹی ایجنسیوں کو لائسنس اجراءپر پابندی لگا دی : چودھری نثار

پاکستان میں مقیم غیرملکیوں کی تفصیلا ت قومی اسمبلی میں پیش !!! نئی سکیورٹی ایجنسیوں کو لائسنس اجراءپر پابندی لگا دی : چودھری نثار
July 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیرداخلہ نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں ایوان کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ کراچی آپریشن میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ میں 43فیصد قتل کے واقعات میں 37فیصد کمی، دہشت گردی کے واقعات میں 6.7فیصد، رہزنی میں 31.3فیصد کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 9570مفرور، 713دہشت گرد، 118اغواکار، 517بھتہ خور اور 1731قاتل پکڑے گئے ہیں۔ 14253ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ غیر قانونی کاموں کے لیے پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے بتایا کہ نئی سکیورٹی ایجنسیوں کے لائسنسوں کے اجراءپر پابندی عائد ہے اور انہوں نے ایک بھی نیا لائسنس جاری نہیں کیا۔ بہت سی سکیورٹی ایجنسیاں صرف ایک مذاق ہیں، ان کے سکیورٹی گارڈز کو اسلحہ کا استعمال بھی نہیں آتا۔ دو ہفتوں میں سکیورٹی ایجنسیوں کے لیے نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ اگرچہ صوبوں میں سکیورٹی ایجنسیوں کے لائسنس صوبائی حکومت جاری کرتی ہے ، وفاق اور صوبوں میں یکساں پالیسی کے لیے صوبائی حکومت سے بات کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی اسلحہ پالیسی اور نئی ویزہ پالیسی کا اعلان بھی جلد ہوگا۔ قومی اسمبلی میں وزرات داخلہ سے متعلق چار سوالات کے جواب نہ آنے پر وزیرداخلہ نے چار افسران کی معطلی کا حکم جاری کرنے سے ایوان کو آگاہ کیا۔ وزیرمملکت داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا کہ ضرب عضب اور کراچی آپریشن سمیت کوئی بھی آپریشن کسی جماعت کا قومیت کے خلاف نہیں بلکہ شرپسندوں کے خلاف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت داخلہ نے بتایا کہ پاکستان صحافیوں کے لیے خطرناک ملک ہے۔ پاکستان میں پانچ سال کے دوران 46صحافی قتل، 18زخمی اور4اغوا ہوئے۔ وزیرمملکت داخلہ نے پاکستان میں امریکہ سمیت پانچ ممالک کے شہریوں کی پاکستان میں موجودگی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ایک لاکھ 16ہزار 308 افغان شہری، 79ہزار 447 برطانوی شہری، 52 ہزار 46امریکی، 17ہزار 320کینیڈین شہری اور 16ہزار 501بھارتی شہری رہائش پزیر ہیں۔