Friday, May 17, 2024

پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی کا رحمان ملک پر زيادتی کا الزام

پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی کا رحمان ملک پر زيادتی کا الزام
June 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی کی پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ، سنتھیا رچی نے رحمان ملک پر زيادتی کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے بھی بدسلوکی کی۔ یوسف رضا گیلانی نے الزامات کی تردید کردی۔ بے نظیر بھٹو سے متعلق متنازعہ دعوؤں سے مشہور امریکی خاتون بلاگر اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا، سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات  لگا دیئے۔ سنتھیا رچی نے الزام لگایا ہے کہ 2011 میں رحمان ملک نے انہیں  اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ وزیر داخلہ تھے، امریکی بلاگر نے  مخدوم شہاب الدین پر بھی جنسی تشدد کے الزامات لگائے۔ خاتون بلاگر کہتی ہیں کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے مجھے انتہائی گھٹیا قسم کے پیغامات اور تصاویر موصول ہورہی ہیں، یہ لوگ میری لوکیشن سے متعلق سوال کررہے ہیں اور مجھے جنسی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔ سنتھیا رچی  نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ واقعے کی تفصیلات بتانے کے لیے تیارہیں لیکن وہ یہ تحقیقاتی صحافیوں کے سامنے بیان کریں گی۔ انہوں نے واقعہ کی تفصیلات سے اپنے بھروسہ مند دوستوں کوبھی آگاہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے الزمات کی تردید کی ہے، نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں کہا انہوں نے بے نظیر بھٹو شہید پر بھی جھوٹے الزامات لگائے، اب بھی جو الزامات لگائے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا جھوٹے الزامات لگانے پر پارٹی میں شدید ردعمل پایا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی جلد لائحہ عمل تیار کرے گی۔