Friday, April 26, 2024

پاکستان میں مسیحی برادری کرسمس پورے مذہبی جوش  و جذبے سے منا رہی ہے

پاکستان میں مسیحی برادری کرسمس پورے مذہبی جوش  و جذبے سے منا رہی ہے
December 25, 2019
 اسلام آباد ( 92 نیوز)لاہور میں مسیحی برادری کرسمس پورے مذہبی جوش و جذبے سے منارہی ہے،شہر کے مختلف چرچز میں اس مناسبت سے مختلف تقاریب جاری ہیں جبکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کرسمس اور یوم قائد پر عوام  کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت کردی۔ کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری کی بڑی تعداد لاہورکے چڑیا گھر میں پہنچی۔جہاں بچوں اور نوجوانوں نے فیملی کے ہمراہ کرسمس کی خوشیاں دوبالا کیں ۔ کرسمس کے تہوار پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا  جس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور صوبائی وزراء کیساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا۔ مسیحی برادری کے اس اہم تہوار پر شہر میں امن اور امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس بھی ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی ۔ایس پی سول لائنز نے سی سی پی او کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ کراچی میں بھی مسیحی برادری کرسمس کا تہوارمذہبی جوش جذبے سے منارہی ہے  جہاں  گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریکاور کیک بھی کاٹا  ۔ کراچی کے سینٹ ٹرینٹی چرچ میں کیک بھی کاٹا  خوشیوں سے بھرپور موقع پر بچے، خواتین اور مردوں نے خوب تیاریوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی  اور کرسمس کو اپنوں سے ملنے اور گِلے شکوے ختم کرنے کا دن قرار دیا ، اس موقع پر مسیحی برادری کی خوشیاں قابل دید تھیں ، مسیحی بھائیوں نے پاکستان کو پُرامن ملک قرار دیا ۔ کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کیلئے گورنرسندھ کے علاوہ جماعت اسلامی کے رہنماء لیاقت بلوچ بھی پہنچے ، گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ دنیا کو بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لینا چاہیے ۔ کرسمس کے موقع پر کراچی کے تمام گرجا گھروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے ۔ پشاور میں بھی مسیحی برادری نے کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے بھر پور انداز میں منائی، شہر کے مختلف گرجا گھروں میں کرسمس کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا، آل سینٹس چرچ میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ پشاور میں سینٹ جان کیتھولک اور آل سینٹس چرچ سمیت 41 چھوٹے بڑے گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے کرسمس کی خوشیاں منائی، آل سینٹس چرچ میں کرسمس کے حوالے کیک بھی کاٹا گیا۔ مسیحی برادری نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعائیں گی گئیں۔ بچے اور بڑے سج دھج کر گرجا گھروں میں اور ایک دوسرے کی رہائشگاہوں پر ایک دوسرے سے ملے اور کرسمس کی مبارک باد دی۔ کرسمس کے موقع پر پشاور بھر میں سکیورٹٰی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے، گرجا گھروں اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ سٹی پولیس فورس نے اضافی گشت بھی کیا۔ فیصل آباد میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار منا رہی ہے ، جامعات کے طلبا مسیحی برادری کو پھولوں کے تحائف دینے گرجا گھر گئے ۔