Tuesday, April 23, 2024

پاکستان میں قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل پر امریکا نے بھی تعریف کردی

پاکستان میں قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل پر امریکا نے بھی تعریف کردی
May 10, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل پر امریکا نے بھی تعریف کردی۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے کمیشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کمیشن آئین وقانون کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں کردار ادا کرے گا۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی کمشنر انوریما بھرگاوا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جون 2014ء کی ہدایت کی روشنی میں کمیشن کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے جاری کاوشوں میں یہ اہم قدم ہے۔ امید ہے اقلیتی کمیشن مکمل خودمختاری کیساتھ کام کرے گا۔ کمشنر جانی مووور نے کورونا وائرس کے باعث مارچ میں دورہ پاکستان ملتوی ہونے پرافسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دورے کی دعوت اور امریکی کمیشن کیساتھ متحرک وابستگی پر شکر گزار ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ درحقیقت ابھی مزید اقدامات درکار ہیں۔ پاکستان کا اقلیتی کمیشن کا قیام درست سمت میں اچھا قدم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور حکومت میں پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت ہے۔