Sunday, May 12, 2024

پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا محدود ماحول میں کامیاب تجربہ

پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا محدود ماحول میں کامیاب تجربہ
February 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) تیز بہت تیز، پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا محدود ماحول میں کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔

پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے فائیو جی ٹیکنالوجی کے محدود ماحول میں کامیاب تجربہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر ائی ٹی سید امین الحق۔ چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیمی الزبی، وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی اور پی ٹی سی ایل بورڈ ممبران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کہتے ہیں فائیو جی 100 فیصد چار جی سے تیز ٹیکنالوجی ہے۔ ہمیں فائیو جی کے چیلنجز پر قابو پانے بارے بھی سوچنا ہوگا۔ پی ٹی سی ایل کا معیار بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ تمام ادارے ملکر کام کرتے ہیں تو ہم تمام چیزوں کو بہتر کرسکتے ہیں۔

قائمقام گروپ سی ای او ندیم خان نے کہا کہ فائیو جی صنعتی اور سماجی شعبوں میں انقلاب کا باعث بنے گا۔ فائیو جی تیز ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کو ڈیجٹلائز کرنے میں مدد کرے گی۔

تقریب سے سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیمی نے بھی خطاب کیا۔