Tuesday, April 23, 2024

پاکستان میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کیساتھ منائی جا رہی ہے!!! نمازعید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں

پاکستان میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کیساتھ منائی جا رہی ہے!!! نمازعید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں
July 18, 2015
لاہور (92نیوز) ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ مختلف شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے کو آئے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر آج مذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں نمازعید کے سیکڑوں اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید الفطر کا مرکزی اجتماع ملک کی سب سے بڑی شاہ فیصل مسجد میں ہوا، صدر مملکت ممنون حسین نے نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔ لاہور کا مرکزی اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سمیت ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ اس کے علاوہ داتا دربار میں نماز عیدالفطر کا بڑا جتماع ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ منہاج القرآن، منصورہ اور باغ جناح سمیت شہر کی مختلف مساجد اور عید گاہوں میں بھی نماز عیدکے اجتماعات ہوئے۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے فیصل آباد میں ناظم آباد کے سالک پارک میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ کوئٹہ کے طوغی روڈ پر جامع مسجد میں نماز عید ادا کر دی گئی۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت سیکڑوں افراد نے نماز ادا کی۔ کراچی میں گرو مندر اور پولو گراونڈسمیت دیگر علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا، ملتان، بہاولپور، گجرات، ساہیوال، حیدر آباد، سکھر اور مالاکنڈسمیت ملک کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جہاں ملکی سلامتی کےلئے دعائیں مانگی گئیں۔