Thursday, April 18, 2024

پاکستان میں سکیورٹی صورتحال  شاندار ہے: ڈین جونز

پاکستان میں سکیورٹی صورتحال  شاندار ہے: ڈین جونز
March 4, 2017
  لاہور(92نیوز)پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا میدان پھر سے آباد ہونے لگا ہے سابق آ سڑیلوی بلے  باز ڈین  جونز  بھی پاکستان پہنچ گئے وہ پی ایس ایل فائنل میں کمنٹری کریں گے ۔ کہتے ہیں  پاکستان میں سکیورٹی صورتحال  شاندار  ہے۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ اور آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز ڈین جونز ہفتے کی شام لاہور پہنچ  گئے وہ  پی ایس  ایل  فائنل میں  کمنٹری کریں گے اور رمیز راجہ کے ساتھ کمنٹری  پینل  جوائن کریں گے۔ لاہورآنے کے بعد  اپنے  ٹویٹ میں  ڈین  جونز نے سکیورٹی کو انتہائی تسلی  بخش  قرار دیا  ان  کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل  ایئر پورٹ پر  اورلاہورپولیس کے سکیورٹی انتظامات شاندار ہیں اورامید ہے لاہور میں اچھا   وقت  گزرے  گا ۔ دوسری جانب  کراچی کنگز کو  دبئی کے میدان میں زخمی کرنے والی پشاور زلمی بھی لاہور پہنچ چکی ہے  لاہور پہنچنے والوں میں محمد حفیظ، وہاب ریاض ، حسن علی ، افتخار احمد ، محمد اصغراور کامران اکمل شامل ہیں۔ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کے علاوہ کوچنگ  اسٹاف،  پی ایس ایل کے چئیرمین نجم سیٹھی ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آ رتھر ، باؤلنگ کوچ اظہر محمود کے علاوہ سابق کوچ وقار یونس بھی لاہور  آ چکے ہیں جو بڑے میچ  کی  کمنٹری کریں گے ۔ شاہدآفریدی ، ڈیرن سمی ،مارلن سیموئیل ، کرس جورڈن  اورمیلان کسی بھی  وقت لاہور  پہنچ سکتے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہونے والے نئے غیر ملکی کرکٹرز بھی رات گئے لاہور لینڈ کریں گے۔