Thursday, May 9, 2024

پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے ، شاہ محمود قریشی
April 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔

پاکستان اور ہنگری کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کا انعقاد وزارتِ خارجہ میں ہوا ۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ہینگرین وفد کی قیادت ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت جناب پیٹر سجارتو نے کی۔ دوران مذاکرات کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا ۔ وزیر خارجہ نے ہینگرین وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔

 پاکستان ہنگری معاشی سفارتی کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہنگری وفد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ پاکستان، ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی ونڈو کا کھلنا، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کا مظہر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہمیں خوشی ہے کہ ہنگری پاکستانی طلبا کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے جس پر ہم ہنگری کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان، ہنگری مشترکہ اقتصادی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل رہے ہیں۔ کاروبار میں سہولت کی عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری، ہماری مثبت اقتصادی پالیسیوں کا ثمر ہے۔ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ سے دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری کی  فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

دوران مذاکرات پاکستان اور ہنگری کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا۔