Thursday, April 18, 2024

پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ،ملک بھر میں پہلا روزہ رکھنے کی تیاریاں شروع

پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا ،ملک بھر میں پہلا روزہ رکھنے کی تیاریاں شروع
June 18, 2015
لاہور(92نیوز)پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ ملک بھر میں مسلمانوں نے پہلا روزہ رکھنے کی تیاریاں شروع کر دیں رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ شروع ہو گیا۔ رمضان المبارک کو تین عشروں میں تقسیم کیا گیا ہے پہلے عشرے میں مسلمانوں پر رحمتوں کی بارش کی جاتی ہے تو دوسرا عشرہ اہل ایمان والوں کے لئے مغفرت کا رکھا گیا ہے۔ اللہ پاک نے رمضان کے تیسرے عشرے کو نجات کا ذریعہ بنایا ہے جس کی ایک طاق رات لیلۃ القدر ہے جو مسلمانوں کے لئے ہزار راتوں کی عبادات کے برابر ثواب اور مغفرت کا ذریعہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں مساجد نمازیوں سے آباد ہو جاتی ہیں تو روزہ دار تراویح کے لئے بھی پیش پیش نظر آتے ہیں۔ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ شروع ہوتے ہی لوگوں نے سحر و افطار کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دیں۔ رمضان المبارک میں مزے مزے کے پکوانوں کی مانگ اور فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سحری میں دہی، پراٹھوں کا استعمال زیادہ ہوتا ہے جبکہ افطاری کے لئے دوست، احباب، رشتہ داروں کو خصوصی دعوت دی جاتی ہے۔ سموسے، کچوریاں، پکوڑے، دہی بھلے، فروٹ چارٹ اور ٹھنڈے ٹھار مشروبات نہ ہوں تو افطاری کا دستر خوان سُونا سُونا سا لگتا ہے۔