Tuesday, May 7, 2024

پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں : ترجمان دفترخارجہ

پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں : ترجمان دفترخارجہ
December 31, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔ کچھ افراد خود کو داعش کے ساتھ جوڑ رہے ہیں‘ پاکستانی سفارتکار کو بنگلہ دیش میں حراساں کیا گیا جس پر انہیں پاکستان واپس بلا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے چار ملکی اجلاس جنوری کے وسط میں اسلام آباد میں ہوگا۔ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں جامع مذاکرات کیلئے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات کی حتمی تاریخ کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف سعودی اتحاد میں شمولیت کا اعلان کیا ہے‘ تفصیلات کے بعد اپنی شمولیت کے طریقہ کار اور کردار کا تعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔ کچھ افراد خود کو داعش کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔ ہمارے سکیورٹی ادارے داعش کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں‘ پاکستانی سفارتکار کو بنگلہ دیش میں حراساں کرنے پر پاکستان واپس بلایا گیا ہے۔ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ دو ہزار پندرہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم سال ثابت ہوا۔ پاکستان ایس سی او کا رکن بنا۔ چین نے چھیالیس ارب کی سرمایہ کاری کی۔ پاکستان نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی۔ چین‘ افغانستان‘ ترکی‘ بیلاروس‘ تاجکستان کے صدور نے پاکستان کا دورہ کیا۔ پاک بھارت مذاکرات بحالی کا اعلان ہوا۔ صدر اور وزیراعظم نے امریکہ چین سمیت کئی ممالک کے دورے کیے۔