Sunday, September 8, 2024

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، گوتم بمباوالا سے بلوچستان میں بھارتی نیوی افسر کی تخریبی سرگرمیوں پر احتجاج

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، گوتم بمباوالا سے بلوچستان میں بھارتی نیوی افسر کی تخریبی سرگرمیوں پر احتجاج
March 25, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی بلوچستان سے گرفتاری کے معاملے پر پاکستان کا بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا بھی فیصلہ کر لیا۔ دفتر خارجہ نے بیرون ملک تعینات سفیروں کو ہدایات جاری کر دیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کی پاکستان میں موجودگی اور جاسوسی کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس حوالے سے ایک احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا ہے۔  پاکستان نے اس حوالے سے تمام تر ثبوت بھی بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ کو فراہم کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان نے بلوچستان میں جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے دفتر خارجہ سے بریفنگ مانگ لی ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی وزیراعظم کو معاملے پر بریفنگ دینگے جس میں سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر بھی یہ معاملہ اٹھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ  دفترخارجہ نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔ مختلف ممالک میں پاکستانی سفیروں اور ہائی کمشنرز کو اس معاملے پر بریفنگ کی جائے گی اور بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیر عالمی دنیا میں پاکستان کا مؤقف اجاگر کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عالمی براداری کو بھارت کی پاکستان میں مداخلت کی ثبوتوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی سفیر اور ہائی کمشنرز 31 مارچ سے قبل اپنی رپورٹس پیش کریں۔