Friday, April 26, 2024

پاکستان میں تخریب کاری اور دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، شاہ محمود

پاکستان میں تخریب کاری اور دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، شاہ محمود
November 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاکستان میں تخریب کاری اور دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، پاکستان نے ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا، ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں، بھارت کالعدم تنظیموں کو اسلحہ اور رقم فراہم کررہا ہے، اب تک 22 ارب روپے تقسیم کرچکا، مزید خاموشی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کل بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بزدلانہ کارروائی کی، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اسکی مذمت کرتا ہوں۔ بھارت مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، اِس کا اصلی چہرہ قوم اور انٹرنیشنل کمیونٹی کےسامنے بے نقاب کرنا ہے۔ بھارت کا فاشزم دنیا پر عیاں ہوچکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا تھا، بھارت روگ اسٹیٹ کا روپ اختیار کرنے جارہا ہے، شواہد ہیں جس کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ وقت آگیا ہے قوم  اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے۔ مزید خاموش رہنا پاکستان اور خطے کے مفاد میں نہیں ہو گا۔ وزیر خارجہ بولے کہ دہشتگردی کیخلاف ہمارے کامیاب آپریشنز کو بھارت ہضم نہیں کر پا رہا، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کیخلاف پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ بن چکا، دہشت گردی کیخلاف پاکستان نے بہت قربانیاں دیں، دہشت گردی کیخلاف 83 ہزار سے زیادہ ہمارے لوگ شہید ہوئے ہیں۔ پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف 126ارب ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان ہوا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت اپنی سرزمین دہشگردی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے، پڑوس میں بھی جہاں جہاں بھارت کو جگہ ملی اس نے فائدہ اٹھایا، آج ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں، شواہد اس ڈوزیئر کی شکل میں پیش کررہا ہوں، ڈوزیئر میں بہت سی تفصیلات ہیں، یہ تفصیلات مکمل نہیں ہیں، تفصیلات اور بھی ہیں اور بوقت ضرورت استعمال کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات ان کے گرینڈ ڈیزائن کی عکاسی کرتے ہیں، دہشتگردی کو پھر ہوا دی جارہی ہے، پشت پناہی کی جارہی ہے۔ کالعدم تنظیموں کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے اکسایا جا رہا ہے۔ اگست 2020ء میں بھارت نے ٹی ٹی پی، جے یو اے اور ایچ یو اے کے درمیان یونیفکیشن کی۔ اِن کو یکجا کرنے میں بھارت کا کردار واضح ہوگیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ اطلاع ہے بھارت کی ایجنسیوں اور سہولت کاروں کے درمیان چار میٹنگز ہوچکی ہیں، یہ کراچی، لاہور اور دیگر شہروں کو نشانہ بنائیں گے۔ ہماری اطلاعات کے مطابق آئندہ آنیوالے مہینوں میں یہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ را اور ان کی انٹیلیجنس ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کو فنانس اور دہشت گردوں کی تربیت کر رہی ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا پہلا مقصد پاکستان کی امن کی طرف پیشرفت میں خلل ڈالنا ہے۔ پاکستان کا امن کی طرف بڑھنا بھارت کو ہضم نہیں ہورہا، بھارت کا دوسرا مقصد ہے پاکستان معاشی طور پر مستحکم نہ ہوسکے، ایف اے ٹی ایف میں دنیا پاکستان کی تعریف کر رہی تھی، بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنا بھارت کا واضح منصوبہ ہے، بھارت نے انٹیلی جنس ایجنسیوں میں ایک سیل قائم کیا ہے، اِس سیل کا کام ہے سی پیک کو نشانہ بنانا، مصدقہ اطلاعات ہیں بھارت نے ایک سیل تشکیل دیا ہے اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں میں جس کا مقصد سی پیک کو سبوتاژ کرنا ہے، یہ سیل بھارتی وزیراعظم کی سربراہی میں کام کرتا ہے۔ ہماری اطلاعات کے مطابق کم از کم اِس سیل کو 80 ارب روپے بھارت دے چکا ہے، بھارت کو واضح بتادینا چاہتا ہوں پاکستان تیار ہے، منصوبوں کی حفاظت کیلئے ہمارے جوان تیار ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا بھارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کو ہوا دینا چاہتا ہے۔ اطلاعات ہیں گلگت بلتستان الیکشن سے پہلے بھی بھارت نے نیشنل ازم کو ہوا دینے کی کوشش کی۔ انٹرنیشنل کمیونٹی کوعلم ہونا چاہیے بھارت 3 انٹرنیشنل کنونشنز کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔