Wednesday, April 24, 2024

پاکستان میں بھی کورونا وائرس چوٹی پر آکر نیچے کی جانب گامزن

پاکستان میں بھی کورونا وائرس چوٹی پر آکر نیچے کی جانب گامزن
June 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ہر ملک کیطرح پاکستان  میں بھی کورونا وائرس پیک پر آیا اور اب ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے کیسز کا گراف نیچے آنے لگا ہے،اعداد و شمار کے مطابق کیسز پیک پر پہنچ کر کم ہو رہے ہیں۔

ماہ جون کے آغاز میں کورونا کیسز میں کمی تھی ، درمیان میں اچانک اضافہ اور اب پھر کمی دیکھنے میں آنے لگی  ہے ، کیا پاکستان نے کورونا وائرس کی پیک  دیکھ لی؟، کورونا کیسز  کا گراف پیک پرپہنچ کر نیچے آنے لگا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تیرہ جون کو  ملک بھر کے کیسز بلند ترین سطح   6ہزار 825 تک  گئے اور 22 جون کو بتدریج کمی کے بعد 3 ہزار 946 پر پہنچ گئے ۔

پنجاب میں کیسز 12  جون  کو   2 ہزار 705 کو چھونے کے بعد نیچے آنے لگے ،  22 جون کو کیسز کم ہو کر ایک ہزار 365 پر آ گئے ، سندھ میں بھی کیسز میں بتدریج کمی آنے لگی ،گیارہ جون کو سندھ میں مجموعی کیسز 3 ہزار اڑتیس  سامنے آئے جو کہ 22 جون کم ہو کر ایک ہزار 464 تک آ گئے ۔

دوسری جانب ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا  اور ابتک 73 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔