Thursday, April 25, 2024

پاکستان میں بڑے بڑے مافیا بیٹھے ہیں، قانون کی بالا دستی قائم نہیں ہونے دیتے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان میں بڑے بڑے مافیا بیٹھے ہیں، قانون کی بالا دستی قائم نہیں ہونے دیتے، وزیراعظم عمران خان
September 23, 2021 ویب ڈیسک

ڈیرہ اسماعیل خان (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان میں بڑے بڑے مافیا بیٹھے ہیں جو قانون کی بالا دستی قائم نہیں ہونے دیتے۔

وزیراعظم عمران خان کی ڈیرہ اسماعیل خان آمد ہوئی۔ کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا میں نے پاکستان سمیت دنیا کی تاریخ پڑھی ہے۔ میں ان لوگوں کی طرح نہیں ہوں جو اسلام کو ووٹ لینے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ ریاست مدینہ میں عدل کا نظام قائم کیا گیا۔ پاکستان میں بڑے بڑے مافیا بیٹھے ہیں جو قانون کی بالا دستی قائم نہیں ہونے دیتے ۔ یہ کہتے ہیں ہمیں این آر او دے دو۔ باہر کے ملکوں میں کوئی دھاندلی کا نہیں سوچتا ۔ شرم کی بات ہے ایسے لوگ آئے جو باہر بیٹھے ہیں ۔ اربوں روپے کھائے اور باہر بیٹھ کر تقریریں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ پچھلے سال 40 لاکھ ٹن گندم ایمورٹ کی گئی ۔ گھی، دالیں اور دیگر کھانے پینے کی چیزیں ایمورٹ کر رہے ہیں۔ پرائمری ہیلتھ اور پرائمری تعلیم پر زور لگانا ہو گا۔ بڑھتی ہوئی آبادی کو اناج دینے کے لئے سوچنا ہو گا۔ اگر کنٹرول نہ کیا گیا تو آگے چل کر بھوک آئے گی۔

آخر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا محسود اور وزیر قبائل کے لئے الگ الگ اضلاع بنائینگے۔ دونوں قبائل کے درمیان اراضی کا معاملہ حل کرینگے۔ قبائلی علاقے پر خاص طور پر توجہ دیں گے۔