Sunday, September 8, 2024

پاکستان میں بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے پولیو انجکشن لگائے جائیں گے

پاکستان میں بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے پولیو انجکشن لگائے جائیں گے
August 21, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں پر پولیو نے ابھی تک پیر جمائے ہوئے ہیں۔ اگرچہ پاکستانی حکومتیں وقتاً فوقتاً پولیو پر قابو پانے کیلئے پولیو کے قطرے پلوانے کا اہتمام کرتی ہیں مگر اس بار پولیو کے تدارک کےلئے ملک گیر مہم میں پہلی بار ویکسین کو قطروں کے بجائے ٹیکے کی صورت میں بچوں کے جسم میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کےلئے ویکسین جسے انجیکٹ ایبل پولیو ویکسین (آئی پی وی) کو متعارف کروایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ ویکسین ملک کے 40 لاکھ سے زائد بچوں کو لگائی جائے گی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ برس اگست تک پاکستان میں پولیو کے 115 کیسز رجسٹرڈ ہو چکے تھے تاہم اس کے مقابلے میں رواں سال اب تک فقط 29 کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تاڑر نے آئی پی وی کو متعارف کرانے کے موقع پر کہا کہ ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2016ءتک پاکستان سے پولیو وائرس کامکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ قطروں کے برعکس اس ویکسین کا فائدہ یہ ہے کہ پولیو وائرس کے خلاف مدافعت کےلئے اس کی ایک خوراک ہی کافی ہوتی ہے۔